سعودی عرب کے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم ابشر کے استعمال سے 23 ارب ریال کی بچت ہوئی،انجینئر احمد الصویان

158
Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض ۔20دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں سرکاری اداروں کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے نگران انجینئراحمد الصویان نے کہا ہے کہ ابشر پلیٹ فارم کے استعمال سے 23 ارب ریال سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے ۔

اردو نیوز کے مطابق ابشر پورٹل سے لوگوں کو وزارت داخلہ اور اس سے منسلک دیگر اداروں کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہی اور ان کے کام آن لائن زیادہ سہولت اور کم وقت میں ہو جاتے ہیں۔انجینئراحمد الصویان نے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے حوالے سے سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی وجہ سے سرکاری اداروں کے دفاتر آنے والوں کی تعداد میں 95 فیصد کمی ہوئی ،ویزے کا اجرا 48 گھنٹے کے بجائے محض 60 سیکنڈ میں ہوجاتا ہے، یہ کامیابی ڈیجیٹل گورنمنٹ پلیٹ فارم کی وجہ سے ممکن ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں حکومتی اداروں کی ڈیجٹلائزیشن کے بعد معاملات کی انجام دہی میں تیزی و بہتری آئی ہے، تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے میڈیکل کے شعبے میں بھی بہتری آئی ہے ۔

وزارت عدل سے وکالت نامہ بنوانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کسی بھی نوعیت کا وکالت نامہ بنانے کے لیے 100 منٹ کا وقت لگتا تھا مگر اب وہی وکالت نامہ محض 31 منٹ میں حاصل کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابشر پلیٹ فارم پر نئی سہولتوں کے تحت مقامی شہری اور مقیم غیرملکی ٹریفک حادثات پر چالان کے خلاف اعتراض درج کرا سکتے ہیں،ابشر افراد کے ذریعے ٹریفک حادثات میں متاثرہ فریق مدعا علیہ کے حق میں دستبردار ہوسکتا ہے۔علاوہ ازیں ابشر افراد کے ذریعے اسلحہ کی ملکیت کی منتقلی بھی کرائی جا سکتی ہے،اسی طرح ابشر افراد کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابشر اعمال کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور روڈ بزنس پرمٹ وغیرہ کی سہولت بھی مہیا ہے۔