سعودی عرب کے شہر طائف میں گلاب میلہ

103
Rose Festival
Rose Festival

طائف۔21اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر طائف میں گلاب میلہ سج گیا،ایس پی اےکے مطابق سعودی وزارت پانی و زراعت کے ریجنل ڈائریکٹر انجینئرماجد بن عبداللہ الخلیف نے کہا ہے کہ طائف کا علاقہ گلاب کی کاشت کے لیے مملکت کی سطح پرغیرمعمولی شہرت کا حامل ہے۔

یہاں کاشت کیے جانے والے گلاب کی سالانہ پیداوار 550 ملین پھول تک پہنچ چکی ہے۔طائف کے مختلف علاقے شفا، وادی محرم، الوھط و دیگر مقامات پر موجود گلاب کے 910 فارمز ہیں جن میں پودوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

ماحولیات پانی و زراعت مکہ ریجن کے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ طائف کے گلاب فارمز کا زیرکاشت رقبہ 270 ہیکٹر سے زیادہ ہے۔ گلاب کے پھولوں کو کشید کرکے ان سے عرق حاصل کرنے والی فیکٹریوں اور لیباریٹریوں کی تعداد 70 سے زیادہ ہے۔گلاب کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے ۔

طائف کے گلابوں سے 80 سے زیادہ مصنوعات حاصل کی جاتی ہیں۔انجینئر ماجد الخلیف کا کہنا تھا کہ گلاب کی صنعت میں 64 ملین ریال کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔گنیز بک میں طائف کے گلابوں سے سجائی جانے والی سب سے بڑی ٹوکری درج ہے جسے بنانے کےلیے 84450 پھول استعمال کیے گئے۔