اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):قومی ایئر لائن پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے کارگو پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پی آئی اے کی پہلی پرواز پاکستان سے 42 ٹن کارگو لے کر جدہ روانہ ہوگئی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کوویڈ سے متاثرہ معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی حکومتی ہدایات پر یہ کارگوآپریشن شروع کیا جارہاہے۔ پاکستان سے پھل، سبزیاں اور حلال گوشت سعودی عرب کو برآمد کیا جاتا ہے، ان مصنوعات بروقت فضائی راستے سے ترسیل ضروری ہوتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ مسافر پروازوں پر پابندی کے باعث برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ تھا جس پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کارگو کی سہولت کے لئے نہایت پرکشش اور مناسب نرخ رکھے جائیں۔ گزشہ روز پی آئی اے کی پہلی پرواز پاکستان سے 42 ٹن کارگو لے کر جدہ روانہ ہوگئی ہے۔ پی آئی اے نے پہلے ہی پاکستان تا چین کی بھی کارگو پروازیں شروع کر رکھی ہیں۔