ریاض۔15نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے جمعہ سے اتوار تک مملکت کے مختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ریاض ریجن کے جنوب، مغرب اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنز کے مشرقی حصوں میں گردآلود ہواؤں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ القصیم کے علاقے تک پھیل جائے گا۔قومی مرکز نےکہا کہ اس سلسلے میں باہر نکلتے وقت احتیاط برتیں، گردو غبار سے بچنے کا اہتمام کیا جائے۔قومی مرکز کے مطابق سانس اور اس طرح کے دیگر امراض میں مبتلا افراد باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اسی طرح کار ڈرائیو کرتے وقت بھی خراب موسمی حالات میں حد درجہ احتیاط برتی جائے۔