سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں منگل تک بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔اردو نیوز کے مطابق شہری دفاع کی جانب سے جاری ہدایات میں سعودی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیرملکیوں کو کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران مقررہ ضوابط پرسختی سے عمل کریں ۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں منگل تک بارش کی پیشنگوئی
ریاض۔11اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں منگل تک بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔اردو نیوز کے مطابق شہری دفاع کی جانب سے جاری ہدایات میں سعودی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیرملکیوں کو کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران مقررہ ضوابط پرسختی سے عمل کریں ۔شہری دفاع کا کہنا ہے کہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق مملکت کے مختلف علاقوں میں منگل تک بارشوں کا قوی امکان ہے۔ بارش کے دوران سیلابی ریلے کی گزرگاہوں والے مقامات سے دور رہیں اور نشیبی علاقوں میں تفریحی کیمپ نہ لگائیں۔
دریں اثنا موسمیاتی مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں تربہ ، المویہ ، الخرمہ ، رنیہ ، طائف ، میسان ، اضم، القنفذہ، العرضیات ، مکہ مکرمہ شہر، بحرہ اور الکامل میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے،وادی الدواسر ، الافلاج ، ریاض شہر ، الدلم ، المزاحمیہ ، ضرما ، القدیہ ، الدرعیہ ، حوطہ بنی تمیم ، الحریق ، الخرج ، عفیف ، الدوادمی ، القویعیہ اور الرین میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے ۔
رپورٹ کے مطابق عسیر ، جازان ، نجران ، الباحہ ، مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی توقع ہے۔ قصیم ، شمالی حدود اور مدینہ منورہ کے کچھ علاقے گرد وغبار جبکہ کہیں بارش کا امکان ہے۔









