جاپان ، کماموتو میں 7.1 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی

جاپان کے صوبے کماموتو میں آنے والے 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

ٹوکیو۔29جولائی (اے پی پی):جاپان کے صوبے کماموتو میں آنے والے 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

شنہوا کے مطابق جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نےاس کی تصدیق کی۔وزیر اعظم نے وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ13 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں وہ اموات بھی شامل ہیں جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کا تعلق 7.1 شدت کے زلزلے سے ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ منگل کو آنے والے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جس میں جانی نقصان، عمارتوں کا منہدم ہونا، آگ لگنے کے واقعات اور سڑکوں کو نقصان پہنچنا شامل ہے۔وزیر اعظم کے مطابق کئی افراد اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں وقت کے خلاف دوڑتے ہوئے انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومتی ہنگامی آفات سے نمٹنے کے ہیڈکوارٹر کا دوسرا اجلاس بدھ کی دوپہر منعقد ہوگا، جس میں صورتحال کا مزید جائزہ لیا جائے گا اور امدادی و بحالی کی کارروائیوں کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ منگل کی شام کماموتو صوبے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہوئیں، بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔