پاکستانی انٹیلی جنس اہلکار کی امریکا۔ ایران تنازعہ بارے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کی تردید

ایک سینئر پاکستانی انٹیلی جنس عہدیدار نے جرمن پبلیکیشن” ایف اے زیڈ” اور نیوز ایجنسی "ڈی پی اے "کی رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلیج کی صورتحال کے حوالے سے نامعلوم پاکستانی انٹیلی جنس ذرائع سے منسوب دعوے سراسر غلط ہیں۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):ایک سینئر پاکستانی انٹیلی جنس عہدیدار نے جرمن پبلیکیشن” ایف اے زیڈ” اور نیوز ایجنسی "ڈی پی اے "کی رپورٹس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلیج کی صورتحال کے حوالے سے نامعلوم پاکستانی انٹیلی جنس ذرائع سے منسوب دعوے سراسر غلط ہیں۔

پاکستان ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سینئر سکیورٹی عہدیدار نے تصدیق کی کہ کسی پاکستانی انٹیلی جنس یا سرکاری ذریعہ نے اس معاملے پر کسی غیر ملکی میڈیا سے بات نہیں کی۔یہ وضاحت ایف اے زیڈ اور ڈی پی اے کی ان رپورٹس کے بعد کی گئی ہےجن میں اسلام آباد میں انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی زمینی کارروائی کا امکان ہے۔عہدیدار نے کہا کہ کسی پاکستانی انٹیلی جنس یا سرکاری ذریعہ نے خلیج کی صورت حال پر کسی بھی غیر ملکی میڈیا سے بات نہیں کی ، پاکستانی ذرائع سے منسوب تمام باتیں خیالی اور من گھڑت ہیں۔ عہدیدار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ علاقائی سلامتی کے معاملات پرحکومت پاکستان کے موقف کو صرف باضابطہ اور مجاز ریاستی چینلز کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے اور خبر دار کیا ہے کہ نازک علاقائی صورتحال کے تناظر میں اس قسم کی غلط طور پر منسوب رپورٹس جاری کرنے سے گریز کیا جائے۔