چین کی امریکا کی جانب سے چینی تحقیقی اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کی مخالفت

چین نے امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے بعض چینی تحقیقی اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے پرعدم اطمینان اور اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔

بیجنگ۔29جولائی (اے پی پی):چین نے امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے بعض چینی تحقیقی اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے پرعدم اطمینان اور اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔

شنہوا کے مطابق چین کی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین اپنے تحقیقی اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا اور سائنسی و تکنیکی تبادلوں اور تعاون کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا مسلسل قومی سلامتی کے تصور کو حد سے زیادہ وسعت دے رہا ہے، امتیازی رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے اور سائنسی تحقیق کے تعاون کو سیاسی ہتھیار اور دباؤ کے ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکا کے یہ اقدامات دونوں ممالک کی سائنسی برادریوں کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو نقصان پہنچاتے ہیں اور سائنسی و تکنیکی اختراع میں بین الاقوامی تعاون کے عالمی رجحان کے بھی خلاف ہیں۔ترجمان نے امریکا پر زور دیا کہ وہ چینی تحقیقی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانا بند کرے، اپنی غلط پالیسیوں کو درست کرے اور چینی تحقیقی اداروں کو منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور بلا امتیاز سلوک فراہم کرے۔