نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن علاقائی تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، احسن اقبال

نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) ملک کی تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ترکمانستان کے سرحد آباد، ازبکستان کے ترمذ اور چین کے کاشغر میں فارورڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مراکز کے قیام سے پاکستان کی وسطی ایشیا اور خطے کی دیگر منڈیوں تک تجارتی رسائی مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) ملک کی تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ترکمانستان کے سرحد آباد، ازبکستان کے ترمذ اور چین کے کاشغر میں فارورڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مراکز کے قیام سے پاکستان کی وسطی ایشیا اور خطے کی دیگر منڈیوں تک تجارتی رسائی مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ سست ڈرائی پورٹ اور خنجراب بارڈر ٹرمینل کو پاکستان کی برآمدات اور علاقائی تجارتی روابط کے اسٹریٹجک مراکز کے طور پر مزید وسعت دی جائے تاکہ بین الاقوامی تجارت کو جدید سہولیات کے ذریعے فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے عالمی منڈی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تقاضوں سے ہم آہنگ بین الاقوامی معیار کی ڈرائیونگ اکیڈمی کے قیام پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں پیشہ ورانہ ڈرائیونگ کے ساتھ غیر ملکی زبانوں کی تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ پاکستانی ڈرائیورز سرحد پار لاجسٹکس اور بین الاقوامی سپلائی چین میں مؤثر انداز میں خدمات انجام دے سکیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج کے دور میں لاجسٹکس صرف سامان کی ترسیل کا نام نہیں بلکہ یہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، پائیدار سپلائی چین کی بنیاد اور اقتصادی ترقی کا ایک اسٹریٹجک ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’اڑان پاکستان‘‘ کے اہداف، خصوصاً برآمدات پر مبنی معاشی نمو، صنعتی مسابقت اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے جدید، مربوط اور ٹیکنالوجی سے آراستہ لاجسٹکس نظام ناگزیر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان تجارت اور لاجسٹکس کا مرکزی مرکز بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے بنیادی ڈھانچے، جدید ٹرانزٹ سہولیات اور انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔