ہل مویشی پال کسان وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس کسان دوست پروگرام کے تحت 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکتے ہیں،فوکل پرسن لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر مادحہ طارق

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کے تحت راولپنڈی میں مویشی پال کسانوں کی جانب سے رجسٹریشن کے عمل میں نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

راولپنڈی۔29جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کے تحت راولپنڈی میں مویشی پال کسانوں کی جانب سے رجسٹریشن کے عمل میں نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔فوکل پرسن لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر مادحہ طارق نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اہل مویشی پال کسان وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس کسان دوست پروگرام کے تحت 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور اہل کسان مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کر کے اس سہولت سے استفادہ حاصل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن مکمل ہونے میں تقریباً 15 سے 20 دن باقی ہیں تاہم ضرورت کے پیش نظر اس مدت میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹریشن کے اختتام پر درخواستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیقی عمل شروع کیا جائے گا جس کی تکمیل میں تقریباً ایک ماہ کا وقت درکار ہو گا۔ تصدیقی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اہل کسانوں کو لائیو سٹاک کارڈ جاری کیے جائیں گے جبکہ کارڈز کے اجراء کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر مادحہ طارق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد اہل مویشی پال کسانوں کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کے اجراء کے بعد منظور شدہ رقم براہ راست کارڈ میں منتقل کر دی جائے گی تاکہ کسان اپنی متعلقہ تحصیل کے رجسٹرڈ ڈیلرز سے مویشیوں کے لیے ونڈا، سائلیج اور منرل مکسچر خرید سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پروگرام کے تحت صرف رجسٹریشن کی جا رہی ہے جبکہ درخواستوں کی منظوری اور باقاعدہ تصدیق کا عمل رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شروع ہو گا۔ کسانوں کی رہنمائی کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری افسران اور ویٹرنری اسسٹنٹس فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

آن لائن رجسٹریشن کے لیے محکمہ کا آن لائن پورٹل دستیاب ہے جبکہ ویٹرنری ہسپتالوں میں قائم سہولت ڈیسک پر بھی رجسٹریشن اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ فوکل پرسن نے بتایا کہ پروگرام سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے کسان محکمہ لائیو سٹاک کی ہیلپ لائن 08000-9211 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اہل مویشی پال کسانوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس کسان دوست اقدام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔

مزید خبریں