یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت روزگار کے مواقع کے لئے موثر اور جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف کی رانا مشہود احمد خاں کو ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت روزگار کے مواقع کے لئے موثر اور جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت ملک کی معیشت، صنعت اور معاشرتی تنوع میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور تعلیم یافتہ، ہنر مند نوجوان ہماری قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔