سعودی عرب کے3ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع خوش آئند ہے، اشرف بھٹی

150
سعودی عرب کے3ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع خوش آئند ہے، اشرف بھٹی

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ میں ایک با رپھر توسیع کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کڑے وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہاہے ،حکومت معیشت کی بہتری کیلئے اصلاحات کے ساتھ مشکل فیصلے لے رہی ہے تاہم معاشی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

اتوار کو اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے ہیں ، یہ ممالک پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں جس سے پاکستانی معیشت مضبوط ہو رہی ہے ۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ ملک کی معیشت میں سدھار لانے اور قرضوں کی دلدل سے نکلنے کیلئے میثاق معیشت اور سیاسی استحکام کے لئے پیشرفت کریں ۔ اشرف بھٹی نے حکومت سے اپیل کی کہ ملک میں کاروبار کے حالات میں بہتری کے لئے تاجروں کو یوٹیلٹی بلز کی مد میں ریلیف دیا جائے ۔