اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سعودی فرمانروا شاہ سلمان فائونڈیشن کی طرف سے موسم سرما کو مد نظر رکھتے ہوئے ضروریات زندگی کی مختلف اشیاء پر مشتمل 50 ہزار کٹس تقسیم کی جائیں گی ۔
اس سلسلے میں تقریب جمعہ کو سعودی سفارتخانہ میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سےنگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد اورسعودی سفیر نواف سعیدالمالکی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ امدادی کٹس میں گرم کپڑے و چادریں، کمبل، سولر پینل، کچن سیٹ اور واٹر کولر تقسیم کئے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی حکومت، نواف سعید المالکی اور ریلیف پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد کا شکر گزار ہوں، شاہ سلمان فاؤنڈیشن گزشتہ 18 سال سے نادار افراد کی مدد کر رہی ہے،ایسی سرگرمیوں سے امت واحدہ کا تاثر ابھر کر سامنے آتا ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پیکیج میں 25،25 ہزار شیلٹر کٹس اور سرمائی کٹس شامل ہیں، پیکیج سے ساڑھے 3 لاکھ نادار افراد مستفید ہوں گے، موسم سرما سے قبل گرم کپڑے چاروں صوبوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان پاکستان اور اس کے عوام کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، سعودی عرب پاکستان کی خوشحالی ،امن اور استحکام کے لئے دعا گو ہے۔