ریاض۔1جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے فلم کمیشن نےایسوسی ایشن آف فلم کمشنرز انٹرنیشنل ( اے ایف سی آئی) میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کر لی جو 40 سے زیادہ ممالک کے 360 فلم بورڈز کا عالمی نیٹ ورک ہے۔اردو نیوز کے مطابق ایسوسی ایشن آف فلم کمشنرز انٹرنیشنل کا مقصد بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں پائیدار اور مربوط ترقی کو فروغ دینا ہے۔ ایسوسی ایشن آف فلم کمشنرز انٹرنیشنل میں شمولیت سعودی فلم کمیشن کو مملکت کی فلم انڈسٹری کو فروغ دینے اور سعودی سنیما کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں معاون ہے۔ یہ رکنیت قومی پروڈکشن کمپنیوں اور مقامی ٹیلنٹ کو بھی بااختیار بنانے کے ساتھ تجربات اور معلومات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔ اے ایف سی آئی جس کی بنیاد 1975 میں رکھی گئی تھی ایک عالمی غیر منافع بخش تنظیم ہے اور اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جس میں 6 براعظموں کے متعدد ممالک کے فلم بورڈز شامل ہیں۔
یہ فلم پروڈکشن کے شعبے میں اقتصادی ترقی کو فروع دینے کے لیے صنعتی اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو بااختیار بنانے کے لیے وقف ہے۔ ایسوسی ایشن ایک جامع نیٹ ورک فراہم کرتی ہے جس کا مقصد مختلف وسائل، تعلیمی مواقع اور مختلف ممالک سے فنڈنگ کو جوڑنا ہے۔ بین الااقوامی مشترکہ پروڈکشنز کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس سپورٹ سے فلم اتھارٹیز، پروڈکشن کمپنیوں اور فلم انڈسٹری کے پروفیشنلز کو فائدہ ہوتا ہے۔ سعودی فلم کمیشن کی رکنیت مملکت کو فلم انڈسٹری کے عالمی مرکز کے طور پر قائم کرنے کے وژن پر عملدرآمد کی جانب ایک سٹریٹجک قدم ہے جس کا مقصد قومی معیشت کو تقویت دینا اور سعودی فلم انڈسٹری کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی فلم کمیشن نے ایک ترغیبی پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی پروڈکشن کمپنیوں کو مملکت میں فلمیں بنانے پر مدد فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کے ذریعے سعودی عرب میں فلموں کی عکسبندی کے لیے پروڈکشن کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور فلموں کی عکسبندی مملکت میں کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ سعودی فلم کمیشن کی کوشش ہے فلم پروڈکشن کے لیے سعودی عرب کو ایک عالمی مقام کے طور پر دکھایا جائے۔