مکہ ۔14مئی (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سے متعلقہ خدمات کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے غیر معروف ذرائع اور اداروں کی خدمات کے حصول سے خبر دار کرتے ہوئے اس مقصد کے لئے صرف مصدقہ ذرائع کے استعمال پر زور دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کی گئی ایک وڈیو میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہاں افراد پر زور دیا ہے کہ وہ حج کی رجسٹریشن کی پیش کش کرنے والے غیر ضروری میسجز اور جعلی اشتہارات کو نظر انداز کریں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے مقامی عازمین حج کے لئے سرکاری الیکٹرانک ذرائع اور بین الاقوامی عازمین حج کے لئے سرکاری حج ویزہ کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزارت نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ فعال حج ویزہ اور حج پرمٹ کے بغیر مقامات مقدسہ میں آمد حج کے ضوابط کی خلاف ورزی ہوگی۔وزارت نے عازمین کے مقامات مقدسہ کی طرف سفر کے لئے پرمٹ اور ویزہ کی بنیادی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے حج پیکجز کی پیش کش کرنے والے جعلی سوشل میڈیا کائونٹس اور فراڈ کمپنیوں کا شکار بننے سے بھی خبر دار کیا ۔
وزارت نے اس بات پرزور دیا کہ صرف ’’نسک‘‘ سمارٹ کارڈ رکھنے والےتصدیق شدہ عازمین کو ہی مقامات مقدسہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔وزارت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ عازمین کے لئے حج ویزہ کا حصول لازمی شرط ہے اور بیرون ملک سے آنے والے عازمین جن کے پاس’’نسک‘‘ سمارٹ کارڈ نہیں ہوگا ، ان کو مناسک حج کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مزید براں عمرہ، وزٹ ، ٹورازم ، ورک اور ٹرانزٹ ویزہ رکھنے والے بھی فریضہ حج کی ادائیگی کے اہل نہیں ہو ں گے۔