سعودی وزارت حج کے ساتھ رابطہ میں ہیں، ان کی طرف سے کوئی واضح بات سامنے آنے تک حج کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے، پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ،وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری

88
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ رواں سال بھی حج کے حوالے سے کوئی واضح بات سامنے نہیں آ رہی، جب تک سعودی وزارت حج واضح بات نہیں کرے گی حج کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، توقع ہے کہ سیاسی درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ بدھ کو یہاں فیڈرل بورڈ میں دینی مدارس کے طلباء میں اسناد کی تقسیم کے حوالے سے تقریب سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام حج اور عمرے کے معاملات سے گہری حمیت اور وابستگی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے تشویش میں بھی مبتلا ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی نسبت رواں سال حاجیوں کی کچھ تعداد بڑھ سکتی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے، ہم مسلسل سعودی وزارت حج کے ساتھ رابطہ میں ہیں، جب تک سعودی عرب سے کوئی واضح بات سامنے نہیں آتی ہم حج کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال نومبر میں سعودی عرب کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ہو جاتے تھے مگر اب تو دسمبر اور جنوری بھی گذر گیا ہے، جب تک تعداد کے حوالے سے واضح بات سامنے نہیں آئے گی درخواستوں کی وصولی کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ آئمہ مساجد کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے بیان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا ایک سیاستدان ہیں، وہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں تاہم ملک کے دور افتادہ علاقوں کے آئمہ مساجد کی مالی اعانت کے حوالے سے حکومت نے ایک پروگرام دیا ہے، اس معاملے پر سیاست سے زیادہ آئمہ مساجد کی بات زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ملک کے سیاسی حالات اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو سیاسی پیشن گوئیاں کی تھیں وہ اب سچ ثابت ہو رہی ہیں، سیاسی فضا پہلے کی نسبت ٹھنڈی ہو رہی ہے کیونکہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے، توقع ہے کہ آنے والے وقت میں سیاسی درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔