اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):سعودی وزارت دفاع ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سمیر عبدالعزیز الطبییب نے بدھ کوسربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ڈاکٹر سمیر عبدالعزیز الطبییب نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی تعریف کی۔معزز مہمان نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔
ائیر چیف نے مزید اس بات کو اجاگر کیا کہ ، آرٹفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ خلائی، الیکٹرانک وارفئیر، سائبراورمخصوص ٹیکنالوجیز میں ترقی نے روایتی عسکری ماحول کو متاثر کیا ہے اور پاک فضائیہ ان ٹیکنالوجیز کے حصول اور ترقی پر پوری توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔دونوں فریقین نے فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانےاور خاص طور پر تربیت اور آپریشنل ڈومینز میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا۔