31.9 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںسعودی وزیرِ داخلہ کا جدہ حج ٹرمنل کا دورہ، مکہ روٹ منصوبے...

سعودی وزیرِ داخلہ کا جدہ حج ٹرمنل کا دورہ، مکہ روٹ منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا

- Advertisement -

ریاض۔30مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیرِ داخلہ اور اعلی حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے جدہ حج ٹرمنل کا دورہ کیا اور عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ اردو نیوز کے مطابق شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر داخلہ کے ہمراہ نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز و دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ اور وفد کو ’’مکہ روٹ ‘‘ پروگرام کے تحت آنے والے عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے مطلع کیا گیا۔ مکہ روٹ انیشی ایٹو کے ذریعے آنے والے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی ان کے ممالک میں ہی کرلی جاتی ہے جس سے انہیں یہ سہولت ہوتی ہے کہ مملکت پہنچنے کے فوری بعد انہیں ہوائی اڈے سے مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں ان کی رہائش گاہوں پرپہنچا دیا جاتا ہے ۔ مکہ روٹ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے جس کا مقصد عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا اور ان کا سفرحج مثالی بنانا ہے۔

- Advertisement -

منصوبے کا آغاز تجرباتی طورپر 2017 میں ملائیشیا سے کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد دوسرےسال اس پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کرتے ہوئے انڈونیشیا کو بھی شامل کیا گیا ۔ پروگرام کے آغاز میں بیرون ملک سے آنے والے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی ان کے ملکوں میں ہی کی جاتی تھی تاہم بعدازاں خدمات میں اضافہ کرتے ہوئے ان کے سامان کی بکنگ کو بھی شامل کیا گیا جس سے یہ سہولت ہوئی کہ عازمین حج کو جدہ یا مدینہ منورہ کے ہوائی اڈے سے براہ راست ان کے مقررہ ہوٹلوں میں پہنچا دیا جاتا ہے جبکہ ان کا سامان بھی متعلقہ ادارے کے ذریعے ہوٹلوں میں پہنچایا جاتا ہے۔

امسال 8 ممالک کے 12 ہوائی اڈوں سے آنے والے عازمین حج کو مکہ روٹ پروگرام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین حج کے لئے جدہ اور مدینہ منورہ کے ہوائی اڈوں پر علیحدہ ٹرمینل مخصوص کیا گیا ہے جہاں محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603145

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں