ریاض۔21مئی (اے پی پی):سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مشاعر مقدسہ( منی، مزدلفہ، عرفات) کا دورہ کرکے حج تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ایس پی اے کے مطابق وزیر حج نے وادی منی میں کدانہ ٹاورز کا جائزہ لیا اور حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کا بھی دورہ کیا۔ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مشاعر مقدسہ میں کدانہ کمپنی کے نئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کیا جن سےرواں سال حج سیزن میں عازمین مستفید ہوں گے۔
نئے ترقیاتی منصوبوں میں وادی منی میں 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال اور مشاعر مقدسہ کے مختلف مقامات پر 71 ایمرجنسی یونٹس مشاعر میں عازمین کے پیدل چلنے والے راستوں پر مراکز قائم کیے گئے ہیں۔میدان عرفات میں مسجد نمرہ کے اطراف میں 85 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر 320 سائبان اور 350 پھوار پھیکنے والے پنکھوں کو نصب کیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو دھوپ کی تپش اور گرم ہوا سے محفوظ رکھا جاسکے۔
ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے میں وادی منی میں 2116 واش رومز کو ختم کرکے ان کی جگہ جدید طرز کے دومنزلہ 61 کمپاونڈز بنائے گئے ہیں جن میں 5600 واش رومز ہیں۔مشاعر مقدسہ میں موسم کو بہتر بنانے کی غرض سے 2 لاکھ 90 ہزار مربع میٹر رقبے پر 20 ہزار درخت لگائے گئے تاکہ گرمی کی شدت کو کم کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار بنایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599589