روم۔15فروری (اے پی پی):سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹےڈوسی سے ملاقات کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق یہ ملاقات سعودی قیادت کی ہدایت پرسکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے معاہدے کا ذکر کیا جس کے ذریعے تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر داخلہ نے بین الاقوامی منظم جرائم سے نمنٹے، مجرمانہ نیٹ ورکس کو ٹریک کرنے، انٹرنیشنل ڈرگ ٹریفکنگ کے خاتمے اور دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلہ کو بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر اٹلی میں سعودی سفیر شہزادہ سطام بن عبدالعزیز، نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمن الفالع اور دیگرعہدیدار بھی موجود تھے۔