جدہ۔22اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب رگبی ورلڈ کپ 2035کی میزبانی میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے ساتھ، مبینہ طور پر 2035 کے رگبی ورلڈ کپ کے لیے بولی لگانے کے لئے تیار ہیں۔
عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے سعودی عرب فارمولا 1 گراں پری میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کا ملک رگبی کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہے اور رگبی کھیل کو ملکی سطح پر ترقی دینا چاہتا ہے۔عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے مزید کہا کہ ہم رگبی کے کھیل کو مقامی طور پر فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اسی لئے اس کھیل کی فیڈریشن بنائی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم ابھی میزبانی کی سطح پر ہیں، لیکن رگبی کے 2035کے ورلڈ کپ کے انعقاد میں ابھی 10 سال باقی ہیں ۔ سعودی وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر رگبی میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہمارا بنیادی مقصد مملکت میں کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ہمارے پاس آج تقریباً 97 فیڈریشنز ہیں جو کھیلوں کو فروغ میں ہماری دلچسپی کا ثبوت ہیں۔آسٹریلیا 2027 میں مردوں کے آئندہ رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جبکہ 2031 کے رگبی ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا کے پا س ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585866