رام اللہ۔25ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کا ایک وفد رواں ہفتے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع رام اللہ شہر کا دورہ کرے گا اور وہاں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرے گا جبکہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن معاہدے کو یقینی بنانے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں جس میں فلسطینیوں کے لیے مراعات شامل ہوسکتی ہیں۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ایک فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ وفد کی قیادت فلسطین میں غیر مقیم سعودی سفیر کریں گے، جن کا تقرر گذشتہ ماہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔اس دوران میں امریکی عہدیداروں نے اشارہ دیا ہے کہ واشنگٹن کا اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور سعودی عرب کے لیے سویلین جوہری پروگرام سمیت کوئی بھی معاہدہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات 2014 میں منقطع ہو گئے تھے اور بعد کے برسوں میں تشدد کی لہر کی وجہ سے دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو گئے تھے جس سے امن مذاکرات بحال نہیں ہوسکے۔