
اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) سعودی ولی عہد پاکستان کا 2 روزہ تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد پیر کو وفاقی دارالحکومت سے روانہ ہوئے تو انہیں فقید المثال استقبال کی طرح شایان شان انداز میں الوداع بھی کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایوان صدر سے نورخان ایئربیس تک خود گاڑی چلائی۔ اس موقع پر نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر مہمانداری خسرو بختیار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ شہزادہ محمد بن سلمان کو نہایت پرجوش اور والہانہ انداز میں الوداع کیا۔ سعودی ولی عہد کا طیارہ جونہی فضاءمیں بلند ہوا تو وزیراعظم اور ہوائی اڈے پر موجود دیگر اعلیٰ شخصیات نے ہاتھ ہلا کر انہیں الوداع کہا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ کے موقع پر پاک۔سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سات معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے ون آن ون ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ بعد ازاں ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ بھی دیا گیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں پروقار ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔