اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سےملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے تعمیری گفتگوہوئی ،مشرق و سطیٰ اور یوکرین میں امن کے لئے سعودی عرب کاکردار قابل ستائش ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری ، توانائی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے پاکستان سے مسلسل تعاون پر ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔
ہماری پائیدار دوستی اور خوشحالی کے لئے مشترکہ وژن کی بدولت باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور مضبو ط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشرق و سطیٰ اور یوکرین میں امن کے لئے سعودی عرب کاکردار قابل ستائش ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574538