سعودی ولی عہد سے کینیڈا کے وزیراعظم کی ملاقات ،باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ بارے امکانات کا جائزہ لیا

سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ کے السلام پیلس میں کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ملاقات کی جس دوران باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ بارے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ریاض۔10جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ کے السلام پیلس میں کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ملاقات کی جس دوران باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ بارے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایس پی اے کے مطابق السلام پیلس میں سعودی ولی عہد اور کینیڈین وزیراعظم نے باہمی تعلقات، تعاون کے شعبوں اور ان کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا ۔دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات کی۔سعودی ولی عہد اور کینیڈین وزیر اعظم کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی دو طرفہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔

سعودی، کینیڈین کو آرڈینیشن کونسل کے قیام کے لیے مفاہتی یادداشت پر سعودی اور کینیڈین وزرائے خارجہ جبکہ اے آئی اور سکلز ڈیویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر سدایا کے صدر ڈاکٹر عبداللہ الغامدی اور کینیڈین وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔اس موقع پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور کینیڈا میں سعودی سفیر آمال بنت یحیٰی المعلمی بھی موجود تھیں۔