ریاض ۔26ستمبر (اے پی پی):سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کے پہاڑی علاقے السودہ میں لگژری پہاڑی سیاحت کا نیا چہرہ متعارف کرانے کےلیے نئے منصوبے کے ماسڑ پلان کا افتتاح کیا ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق پروجیکٹ کے تحت سعودی عرب کی بلند ترین چوٹی پر ایک لگژری سیاحتی مقام قائم کیا جائے گا۔ یہ السودہ کے علاقے اور رجال المع کے کچھ حصوں تک وسیع ہوگا۔ منصوبے کا مقصد سطح سمندر سے تین ہزار 15 میٹر اونچے پہاڑ کی بلند ترین چوٹی پر لگژری سیاحتی پہاڑی فرنٹ تیار کرنا ہے۔اس کے تحت السودۃ اور رجال المع کے کچھ حصے کو جدید بنایا جائے گا۔
یہ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر میں اپنی نوعیت کا منفرد ثقافتی اور قددرتی خوبیوں سے مالا مال علاقہ ہے۔ سعودی ولی عہد نے جو السودۃ ڈیولپمنٹ کمپنی کے چیئرمین بھی ہیں کہا کہ قمم السودہ ایک فقید المثال منصوبہ ہے۔ جس سے سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل ہوں گے۔سیاحتی و تفریحاتی شعبے کو فروغ ملے گا۔ اقتصادی شرح نمو بہتر ہوگی۔ مجموعی قومی پیداوارمیں 29 ارب ریال سے زیادہ کا اضافہ ہوگا۔
بالواسطہ اور بلاواسطہ ملازمتوں کے ہزارو ں نئے مواقع پیدا ہو ں گے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ قمم السودہ کا ماسٹر پلان ماحولیاتی اور قدرتی و تاریخی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے بین الاقوامی اہداف پورے کرے گا،آنے والی نسلوں کے لیے عظیم سرمایہ ثابت ہوگا۔
اس سے آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا اور یہ ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش اقتصادی مرکز بنے گا۔ یہ سعودی عرب کی ثقافتی حیثیت کو اجاگر کرے گا اور اس سے سعودی عرب بین الاقوامی سیاحتی مقام بنے گا۔