سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کے جرم میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم

184
Saudi Crown Prince
Saudi Crown Prince

ریاض۔26اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کرنے کے جرم میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپریل 2022 کے واقعہ پر درگزر سے کام لینے اور گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں کو 8 سال اور تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال اور انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کی درخواست پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کے جرم میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطا فرمائے۔