سعودی ولی عہد کی اردن کے فرمانروا سے ٹیلی فونگ گفتگو، غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال

97
Saudi Crown Prince
Saudi Crown Prince

ریاض ۔5اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔اردو نیوز کے مطا بق دونوں رہنماوں نے برادر ممالک اور عوام کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات، مشرق وسطی اور خصوصا غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد اور اردنی فرمانروا نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کا سیاسی حل تلاش کرنے ضرورت پر زور دیا جو4جون 1967 کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضمانت دیتا ہے جس کا دارالحکومت بیت المقد س ہو ۔

اردن کے فرمانروا نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی سطح پر فخر کا اظہار اور انہیں تمام شعبوں میں مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔سعودی ولی عہد نے اردن کی سلامتی اور استحکام کے حوالے اردنی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے لیے مملکت کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ان حالات میں برادر ملک اردن کے ساتھ کھڑا ہے۔