ریاض۔24فروری (اے پی پی):پرتگال کی فٹ بال ٹیم کے شہرہ آفاق فٹبالر اور سعوی کلب النصر کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے۔40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ایکس اکائونٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ یوم تاسیس منانے پر خوشی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ ریاض میں سعودی کپ گھڑ دوڑ کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے بڑا اعزاز ہے۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی قومی لباس میں سعودی کپ کی تقریب میں شرکت کی۔کرسٹیانو رونالڈ کی اس پوسٹ کو 26 ملین سے زیادہ افراد نے دیکھا ہے، ایکس اکائونٹ پر ان کے فالوورز 114.8 ملین سے زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانورونالڈو کو مملکت میں آئے ہوئے 2 سال سے زیادہ وقت ہو چکا ہے ، انہوں نے حال ہی میں یہاں اپنی 40 ویں سالگرہ بھی منائی ۔ ایک انٹرویو میں رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں خوش ہوں، میرا خاندان خوش ہے، ہم نے اس خوبصورت ملک میں ایک نئی زندگی کا آغاز کیا ہے۔