سعودی ٹیچر نے انعامی رقم کا ایک حصہ یتیموں کے تعلیمی منصوبے کے لئے مختص کردیا

87

ریاض۔17فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے ٹیچر منصور المنصور نےانعامی رقم کا ایک حصہ یتیموں کے تعلیمی منصوبے کے لئے مختص کردیا ہے۔ اردو نیوزکے مطابق 2025 کے لئے بہترین استاد کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سعودی ٹیچر منصور المنصور نے تدریس کے دوران سزا اور چھڑی کے استعمال کو مسترد کیا ہے۔

منصور المنصور نے بتایا کہ انہوں نے 30 سالہ کیریئر کے دوران طلبہ کو جسمانی سزا نہیں دی۔ مارپیٹ اور سرزنش کا طریقہ تعلیمی عمل میں مثبت نتائج نہیں دیتا۔ تعلیم کی بنیاد حوصلہ افزائی اور ترغیب پر مبنی ہے دھمکانے پر نہیں۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے تعلیمی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے 17 سے زیادہ اقداماتکئےجن میں سب سے نمایاں یتیموں کی مدد کرنا اور انہیں مستقبل کے لئے تیار کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انعام میں ملنے والی رقم ایک ملین ڈالر کا کچھ حصہ یتیموں کے ایک تعلیمی منصوبے کے لئے مختص کیا ہے جس کا مقصد انہیں تعلیمی اور پیشہ ورانہ طور پر بااختیار بنانا ہے۔منصور المنصور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک ذاتی کامیابی نہیں بلکہ سعودی عرب میں تعلیمی شعبے کو حاصل سپورٹ کا نتیجہ ہے۔ وہ یہ اعزاز مملکت کی دانشمند قیادت کے نام کرتے ہیں جو تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سب سے آگے رکھے ہوئے ہے۔