سعودی-پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے تین رکنی وفد کا پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ، وفد کو قومی اسمبلی میں قانون سازی اور ایوان کی کارروائی پر بریفنگ دی گئی

2
Saudi-Pakistan Friendship Group
Saudi-Pakistan Friendship Group

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے تین رکنی وفد نے میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی کی سربراہی میں پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔پارلیمنٹ ہائوس آمد کے موقع پر سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ اور قومی اسمبلی کے اراکین نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سحر کامران،رعنا انصر، سید حفیظ الدین، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو،فرح ناز اکبر، مسرت رفیق مہیسر، مرزا اختیار بیگ، میاں خان بگٹی، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور سید ابرار شاہ بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران کی جانب سے سعودی وفد کو قومی اسمبلی میں قانون سازی کے عمل، ایوان کی کارروائی کے طریقہ کار اور قومی اسمبلی ہال کے تاریخی پس منظر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سعودی وفد نے اس عمل میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سوالات کیے اور معلوماتی پہلوئوں کو سراہا۔سعودی وفد نے پاکستانی پارلیمان کی میزبانی، بریفنگز اور وفد کی مہمان نوازی پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو "یادگار اور قابل قدر تجربہ” قرار دیا۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، جمہوری اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور مستقبل میں دونوں پارلیمانوں کے درمیان اشتراک عمل مزید مضبوط ہوگا۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے تین رکنی وفد کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پارلیمانی، سفارتی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ اور استحکام پر زور دیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی سعودی شوریٰ کونسل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے اور مستقبل میں وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا۔سعودی شوریٰ کونسل کے وفد نے ڈپٹی سپیکر کی میزبانی پر تشکر کا اظہار کیا اور پاکستان میں ملنے والی محبت، خلوص اور عزت کو ناقابل فراموش قرار دیا۔

وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، بالخصوص پارلیمانی سطح پر قریبی تعاون کو وسعت دی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے سعودی وفد کے ارکان کو اعزازی شیلڈز پیش کیں جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت تھیں۔

سعودی وفد میں سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے سربراہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی اور شوریٰ کونسل کے اراکین ڈاکٹر ایمان بنت عبدالعزیز الجبرین اور انجینئر سالم بن علی الشہرانی شامل تھے۔ظہرانے میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزراء ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، شزہ فاطمہ خواجہ اور اراکین قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، سید نوید قمر، میر عامر علی خان مگسی، اسد عالم نیازی اور زیب جعفر نے شرکت کی۔