ریاض ۔26جون (اے پی پی):سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے ) نے اردو کے ساتھ ساتھ پاکستان کی علاقائی زبانوں میں بھی میڈیا پیغامات شائع اورنشرکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد عازمین تک درست اور مستند معلومات ان کی اپنی زبان میں فراہم کرنا اور سعودی حکومت کے اقدامات اورخدمات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔
سعودی قیادت کی طرف سے بین الاقوامی خبررساں ایجنسیوں کے ساتھ شراکت داری کے تحت سعودی خبررساں ایجنسی( ایس پی اے ) نے اردو کے علاوہ پاکستان کی علاقائی زبانوں پشتو، سندھی اور بلوچی زبانوں کوبھی ان زبانوں میں شامل کیا ہے جن کے ذریعے عازمین کو معلومات اورآگاہی فراہم کی جائے گی۔
ایس پی اے اس سے قبل عربی، انگریزی ، فرانسیسی، روسی، چینی،فارسی ، بھاشا،ملائی،تامل اور ہسپانوی زبانوں سمیت مختلف عالمی اورعلاقائی زبانوں میں میڈیا مواد جاری کررہی ہے۔