گال۔18جولائی (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنا کر تاریخ رقم کردی، سعود شکیل سری لنکا میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
انہوں نے یہ اعزاز منگل کو سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے تیسرے روز 208 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر حاصل کیا۔ سعود شکیل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے چھٹے میچ کی گیارہ اننگز میں اب تک 788 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
گال ٹیسٹ میں سعود شکیل جب بیٹنگ کیلئے آئے تو اس وقت قومی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی، سعود نے پہلے آغا سلمان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، آغا سلمان کے آئوٹ ہونے کے بعد سعود شکیل نے ٹیل اینڈرز نعمان علی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا میں پاکستان کی جانب سے بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا اعزاز محمد حفیظ کے پاس تھا جنہوں نے 197رنز کی اننگز کھیلی تھی۔