سعود شکیل نے مشکل حالات میں لاجواب اننگز کھیلی، مدتوں یاد رکھی جائے گی، رمیز راجہ

115
سعود شکیل ، رمیز راجہ

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان و سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹر سعود شکیل نے مشکل حالات میں یادگاراننگز کھیلی ہے جو طویل مدت تک یاد رکھی جائے گی۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان میں بڑے بڑے نامور کھلاڑی آئے جو سپنرز کو اچھا کھیلتے تھے مگر سپن وکٹوں پر سپنرز کے خلاف اتنی بڑی اننگز کھیلنا جبکہ پاکستان کی پانچ وکٹیں 101 رنز پر گر گئی ہوں اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ 350 رنز کھڑے کردینا یہ ایک لاجواب اننگز ہے جو مدتوں یاد رکھی جائے گی۔

سعود شکیل اپنے مقصد سے ہٹے نہیں اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلنے کے باوجود اپنی تکنیک کو چینج نہیں کیا، ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلتے ہوئے بیٹر ہمیشہ رسک لیتا ہے تاہم سعود نے ٹیل اینڈرز پر بھروسہ کیا جس کا فائدہ پاکستان کو ہوا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ایک مقام پر ایسا لگ رہا تھا کہ 150 پر پوری ٹیم آئوٹ ہو جائے گی، اس موقع پر سعود شکیل کی تحمل مزاجی کی وجہ سے پاکستان نے 149 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

سعود شکیل کی بہت بڑی اننگز ہے، یہ ان کے کیریئر میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کا ایڈوانٹج پاکستان کے پاس ہے، پاکستان ٹیم کو اب سری لنکا کو پریشر میں رکھنا ہوگا، پاکستان کے لئے ابرار احمد اہم کردار ادا کریں گے۔