28.2 C
Islamabad
منگل, مارچ 25, 2025
ہومقومی خبریںسفارتخانہ پاکستان برسلز میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا...

سفارتخانہ پاکستان برسلز میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

- Advertisement -

برسلز۔23مارچ (اے پی پی):برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا اور بانیان پاکستان کے وژن اور 1940 کی قرارداد پاکستان کے مطابق پائیدار اقدار کے حوالہ سے قوم کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔برسلز سے یہاں موصولہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کا آغاز ناظم الامور فراز زیدی کی طرف سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے ساتھ قومی ترانا بھی بجایا گیا ۔

بیلجیئم اور لکسمبرگ سے پاکستانی کمیونٹی کے اراکین جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، انہوں نے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ تقریب میں بھر پور شرکت کی اور ملک کے اتحاد اور ترقی کے سفر کا جشن منایا۔اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے سرکاری پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قومی قیادت نے 23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کیا اور قوم پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی، جمہوری اقدار اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم رہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے ملک کے بانیوں، شہداء اور ہیروز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر زور دیا۔اپنے خطاب میں فراز زیدی نے 1940 کی قرارداد لاہور کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جس نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ قومی اتحاد اور اقدار کو برقرار رکھیں، پاکستان اور میزبان معاشرے دونوں کے لیے مثبت کردار ادا کریں اور بیرون ملک اپنے وطن کے قابل فخر نمائندوں کے طور پر خدمات انجام دیں۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا سے ہوا۔

شرکاء نے اپنے گہرے جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا اور سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا ، جس نے پاکستانی برادری کے درمیان مضبوط تعلق قائم کیا ۔برسلز میں یوم پاکستان کا انعقاد قوم کی مشترکہ تاریخ، قربانیوں اور پاکستان کے لیے مزید جامع، لچکدار اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے کی اجتماعی ذمہ داری کا ایک طاقتور عکاس تھا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575643

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں