اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وہ سفارتی برادری میں خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج متعارف کروانے ،سرمایہ کاری، سیاحت، نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آسٹریا کی پاکستان میں سبکدوش ہونے والی سفیر اینڈریا وِکے کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ظہرانے میں بطور مہمانِ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
ظہرانے کی میزبانی قیصر نواب اور سردار وقار شہزاد نےکی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز صوبہ میں قیام امن کو یقینی بنانے میں متحرک ہیں, ہمارے صوبہ کی مذہبی ٹورازم کے بھی مثالی مقامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ،ہم صوبہ کے تاجروں کو دنیا کے دیگرممالک سے متعارف کروانے پر بھی کام کررہے ہیں تاکہ صوبہ معاشی آسودگی حاصل کرے ۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریا کی سبکدوش ہونے والی سفیر اینڈریا وکے نے کہا کہ انہیں پاکستان کے مختلف شہروں کے دوروں کے دوران بہترین مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کا تجربہ حاصل ہوا۔ انہوں نے خاص طور پر پشاور کے دورے کو یادگار قرار دیا اور وہاں کی مہمان نوازی اور ثقافت کو سراہا۔
تقریب میں واڈا مِتسوہیرو، جاپان کے سفیر برائے پاکستان، ڈاکٹر ایمانوئل آر. فرنینڈیز، فلپائن کے سفیر برائے پاکستان۔ ڈاکٹر زہیر زید، فلسطین کے سفیر برائے پاکستان، امریکی سفارت خانے کے سفارتکار، پاکستان کے سابق وزراء، سینئر صحافی اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔