سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان، نیدرلینڈز نے یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

142

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان، نیدرلینڈز نے یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان ہائوس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے طلباء، خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی،قومی ترانے کی دھن پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔

پیرکو نیدرلینڈز کے سفارتخانہ سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ملک کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے نامور اور کم عمر کوہ پیما، شہروز کاشف نے بھی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی،وہ کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں۔ ا نہوں نے یہ اعزاز 27 جولائی 2021 کو اپنے نام کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کی تمام آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں کو سر کرکے پاکستانی پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ شہروزکاشف پاکستان میں سیاحتی مواقع کو اجاگر کرنے کی غرض سے نیدرلینڈز کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔

سفیرسلجوق مستنصرتارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ آزادی کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو اس سال دوطرفہ تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر نیدرلینڈزاور پاکستان کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی دعائوں میں مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو یاد رکھنا چاہئے جومقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وستم برداشت کرہے ہیں۔

انہوں نے کشمیری عوام کے لئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کابھی اعادہ کیا۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدرلینڈزکے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔ اس دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے باہمی تعاون کے تحت کلنگنڈال انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ تربیت نوجوان سفارتکار بھی موجود رہے۔ تقر یب کے اختتام پر ملک کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں۔