سفارت کاری میں خواتین کا کردار قابل تحسین ہے ، سفیر آمنہ بلوچ

109

برسلز ۔24جون (اے پی پی):بیلجیئم ، یورپی یونین اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے سفارت کاری میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی سفارت کاری میں خدمات اکثر اوقات سرحدوں کے آر پار بامعنی تبدیلی کاسبب بنتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارتکاری میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی پالیسی اورامور میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پاکستان کی فارن سروس میں شامل ہوتے ہوئے دیکھنا حوصلہ افزا امر ہے جس سے ملک کی سفارتی کور کے لئے ایک امید افزا مستقبل کی نشاندہی ہوتی ہے۔آمنہ بلوچ نے کہا کہ آئیے ہم ان کی پیشہ ور انہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ہر اس خاتون کو خراج تحسین پیش کریں جو عالمی سطح پر ہماری نمائندگی کے لئے پیش پیش ہے۔