سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے گوبھی کی پنیری پرحملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا مشورہ

156
white bee
white bee

فیصل آباد ۔ 21 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گوبھی کی پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظرکاشتکاروں کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ موسم گرماکی شدت کے علاوہ فضا میں نمی کے باعث گوبھی کی پنیر ی پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کا خطرہ ہو سکتاہے لہٰذا پھول گوبھی کے کاشتکارپنیری کا اگاؤ مکمل ہونے کے بعد پودوں کی چھدرائی کریں اور بیمار و کمزور پودے نکال دیں نیز صحت مند پودوں کی تعداد کا مناسب خیال رکھا جائے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار پنیری کی فصل کا روزانہ معائنہ کریں اور کیڑوں کے تدارک کیلئے نئی کیمسٹری کی زرعی ادویات استعمال کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنیری منتقل کرنے سے پہلے اچھی طرح آبپاشی کریں تاکہ پودوں کی جڑیں نرم ہو جائیں اور اکھاڑتے وقت انہیں ٹوٹنے سے بچایاجا سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کمزور ہونے کی صورت میں ایک پاؤ یوریا کھاد فی مرلہ استعمال کریں تاکہ پنیری صحت مند رہتے ہوئے بہتر بڑھوتری کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید معلومات یارہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔