برسلز۔3ستمبر (اے پی پی):پاکستان کےبیلجیئم میں سفیر رحیم حیات قریشی نے برسلز میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے ممتاز اراکین کے ساتھ باہمی نشست کا انعقاد کیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی تارکین وطن کی بیش قیمت خدمات کی تعریف کی ۔ پاکستانی سفارت خانے کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق اس نشست میں سماجی کارکنان، کاروباری شخصیات اور صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین وطن کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
سفیررحیم حیات قریشی نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں پاکستانی تارکین وطن کی بیش قیمت خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے سفارتخانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔نشست کے دوران کمیونٹی کے اراکین نے اپنے مسائل اور تجاویز بھی پیش کیں، جنہیں سفیر نے بغور سنا۔