25.5 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںسفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابو ظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں...

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابو ظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

- Advertisement -

ابوظہبی۔28اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیر کو ابو ظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان پویلین کے قیام میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ ادب و فنون پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری سے اپیل کی کہ وہ پویلین کا دورہ کریں اور اس اقدام کی حمایت کریں۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سکولوں پر زور دیا کہ وہ اپنے طلباء اور اساتذہ کے لیے پاکستان پویلین اور کتاب میلے کے دوروں کا اہتمام کریں۔ تقریب میں نیشنل بک فائونڈیشن (این بی ایف) کی نمائندگی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر اور سیکرٹری این بی ایف مراد علی مہمند نے کی۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اردو ورلڈ بکس کے سرمد خان کی بھی تعریف کی جنہوں نے مسلسل دوسرے سال پاکستان کی اس میلے میں شرکت کو یقینی بنانے میں ذاتی دلچسپی اور محنت سے کام لیا۔ پاکستان پویلین 26 اپریل سے 5 مئی 2025ء تک ابو ظہبی انٹرنیشنل بک فیئر کے دوران وزیٹرز کے لیے کھلا رہے گا۔ ابو ظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت سے وابستہ ابراہیم محمد السلمہ نے میلے کا تفصیلی دورہ کرایا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری سٹالز کے علاوہ چین، سعودی عرب، ترکمانستان اور البانیہ کے سٹالز بھی دیکھے۔ سفیر نے فن و ثقافت کے فروغ کے لیے ابو ظہبی حکومت کی شاندار کوششوں پر تشکر کا اظہار کیا اور مقامی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے آئندہ تقریبات میں پاکستان کی ثقافتی موجودگی کو بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

- Advertisement -

نیشنل لائبریری اور آرکائیوز کے متاثرکن پویلین کے دورے کے دوران فیصل نیاز ترمذی نے یہ ارادہ بھی ظاہر کیا کہ پاکستان اور ابو ظہبی کی نیشنل لائبریری و آرکائیوز کے درمیان 1960ء کی دہائی سے اب تک دونوں ممالک کے قائدین کے تاریخی دوروں کی تصاویر کے تبادلے اور اشتراک پر تعاون کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589211

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں