ابوظہبی۔26فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے "پاکستان اسلامک سکول "العین کے طلباء کو ابوظہبی سپورٹس چیمپئن شپ 2024-25 میں نمایاں کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ طلباء نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کے تمغے حاصل کیے اور العین ریجن میں چیمپئنز کا اعزاز حاصل کیا۔سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابراہیم سعید نے 100 میٹر کی دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ بدر حامد نے ہائی جمپ مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
دونوں طالب علموں کو العین ریجن میں چیمپئن کا تاج پہنایا گیا۔ 23 فروری 2025ء کو دونوں طالب علموں کو ابوظہبی میں شیخ زید سپورٹس حب میں مہمان خصوصی کی طرف سے تمغوں سے نوازا گیا۔ سفیر فیصل ترمذی نے طلباء کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی اور شخصیات کی تشکیل میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلباء میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سفیر نے پاکستان اسلامک سکول العین کی سکول انتظامیہ، اساتذہ اور سٹاف کی بھی تعریف کی اور طلباء کو بہترین ماحول فراہم کرنے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی طلباء کی مجموعی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کی حمایت کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566749