اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی برادری کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مشکلات و مصائب ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحی قربانی کا تہوار ہے جو ہمیں غربت، بھوک اور بیماری کا سامنا کرنے والے اور آفات، تنازعات اور غیر ملکی قبضوں سے دوچار لوگوں کی دیکھ بھال کرنے کی ہماری ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر،
آئیے ہم بھی اپنے آپ سے عہد کریں کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے ظلم و ستم کا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے گا۔اس مشکل وقت میں ہم ہر جگہ عدم مساوات، ناانصافی اور امتیاز کو ختم کرنے کے اپنے عزم کو زندہ کریں۔