سقوط ڈھاکہ اور آرمی پبلک سکول پر حملہ نا قابل فراموش سانحات ہیں جنہوں نے قوم کو گہرے دکھ اور الم سے دوچار کیا،عبدالعلیم خان

87
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آج کا دن دو بڑے قومی سانحات کا تلخ حوالہ بن چکا ہے، سقوط ڈھاکہ اور آرمی پبلک سکول پر حملہ نا قابل فراموش سانحات ہیں جنہوں نے قوم کو گہرے دکھ اور الم سے دوچار کیا۔ پیران خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی ایس اور مشرقی پاکستان کے سانحہ پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں سانحات نے قوم کو گہرے دکھ اور الم سے دوچار کیا،قربانیوں کی لازوال داستانیں دلوں پر نقش ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اے پی ایس کے سانحہ دلخراش پر ہر آنکھ نمدیدہ اور دل رنجیدہ ہے، اس سانحے نے کئی گلشن اجاڑ دیئے۔

انہوں نے کہا کہ کئی ماؤں کی گودیں خالی ہو گئیں، آج بھی اس سانحے کے زخم تازہ ہیں جس کا مرہم صبر کے سوا کچھ نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے درسگاہ میں جبکہ آرمی کے جوان سرحدوں پر وطن پہ جان نچھاور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے رد عمل میں دشمن کے بچوں کو پڑھانے کا موقف دشمنوں پراخلاقی فتح کا باعث ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ پھولوں جیسی ننھی شہادتوں کے متبادل بلند ظرف مؤقف اختیار کرنا بڑے حوصلے کی بات ہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ والدین نے جس دلیری اور وسعت قلبی سے اس سانحے کو برداشت کیا وہ جذبہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس کے بلنددرجات کے لئے دعا گو رہنا ہمارے قومی فریضہ کی حیثیت رکھتا ہے، اللہ کرے کہ چشم فلک ارض وطن پرایسا اندوہناک سانحہ دوربارہ نہ دیکھے، آمین- عبدالعلیم خان نے ملکی سلامتی ،استحکام اور ترقی کیلئے بھی دعا کی –