سلامتی کونسل کاجموریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہری تشویش کا اظہار

78

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جموریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے استحکام مشن ایم اواین یوایس سی او کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی فوری، مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، پاکستان، روس ،جمہوریہ سربیا اور اقوام متحدہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے 29 مارچ 2022 کو جمہوریہ کانگو کے علاقہ شمالی کیوو میں اقوام متحدہ کے استحکام مشن ایم اواین یوایس سی او کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں پاکستان، روس اور جمہوریہ سربیا سے تعلق رکھنے والے آٹھ امن فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، پاکستان، روس ،جمہوریہ سربیا اور اقوام متحدہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے اقوام متحدہ کے استحکام مشن ایم اواین یوایس سی او کے خلاف تمام حملوں اور اشتعال انگیزکارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ جان بوجھ کر امن فوجیوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کا حصہ ہے ۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس سلسلے میں جاری کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے استحکام مشن اور کانگو کے حکام پر زور دیا کہ وہ متعلقہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر ہیلی کاپٹر کے حادثے کی فوری، مکمل اور شفاف تحقیقات کریں۔ سلامتی کونسل نے کانگو کے حکام سے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور اور متعلقہ فوجی تعاون فراہم کرنے والے ممالک کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کامطالبہ کیاہے ۔

سلامتی کونسل نے جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبوں میں مسلح گروپوں کی سرگرمیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے ایم 23 کی سرگرمیوں کے دوبارہ سر اٹھانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں شہری بے گھر ہوئے جبکہ انسانی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ بیان میں ایم 23، کوڈیکو اور الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز سمیت تمام مسلح گروپوں کی مذمت کا اعادہ کیا گیا ہے ۔

بیان میں تمام متعلقہ فریقوں سے تشدد کے خاتمہ اور حقوق انسانی کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی بندش کا بھی مطالبہ کیا گیاہے۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے امن مشن کے مینڈیٹ کو پورا کرنے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق امن فوجیوں اور اس کے آپریشنز کی حفاظت کیلئے ضروری صلاحیتوں اوراستعدادمیں اضافہ کی ضرورت پربھی زورددیا ۔

سلامتی کونسل کے بیان میں کہاگیاہے کہ اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت کی بنیادی ذمہ داری میزبان ریاستوں پر عائد ہوتی ہے ۔سلامتی کونسل کے اراکین نے امن مشن کی جانب سے استحکام کی کارروائیوں کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امن مشن کی افواج اور پولیس میں تعاون فراہم کرنے والے ممالک کو سراہا ہے۔