فیصل آباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):”سلام ٹیچرز ڈے ” کے عنوان سے فیصل آباد سمیت ملک بھر میں اساتذہ کا عالمی دن کل(5اکتوبر ہفتہ کو)منایا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزارت تعلیم و تربیت، صوبائی وزارت تعلیم پنجاب، پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن، پنجاب ٹیچرز یونین، مرکزیہ اساتذہ پاکستان اور اساتذہ کی دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، واکس، سیمینارز، کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد اساتذہ کی خدمات کو سلام اور ملک و قوم کیلئے نئی تعلیم یافتہ نسل پیدا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرناہے۔
اس موقع پر اساتذہ کے مسائل بھی اجاگر کئے جائیں گے تاکہ ان کے حل کیلئے اقدامات کر کے اساتذہ کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور وہ یکسوئی کے ساتھ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں۔