پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور نے کوہاٹ روڈ پر سلانٹی، چپس اور پاپڑ بنانے والی فیکٹری کے مالک کو صفائی کی ناقص صورتحال اور خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے کوہاٹ روڈ پر سلانٹی، چپس اور پاپڑ بنانے والی فیکٹری کا معائنہ کیا۔ فیکٹری میں صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری آئل کے استعمال اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار فیکٹری مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے سلانٹی، چیس، پاپڑ اور دیگر فیکٹری مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی فیکٹری میں صفائی کی حالت بہتر بنائیں اور حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں سلانٹی و چپس بنانے والی فیکٹریوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔