سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے،بلاول بھٹو زرداری

101

کراچی۔ 12 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست کے باوجود قومی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہوتا ہے، لیکن سلطان اذلان شاہ کپ ٹورنامینٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی پرفارمنس قابل تحسین رہی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اپنے اسے جذبے اور لگن کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کسی بھی محاذ پر ہار ماننے والی نہیں، اور ہاکی کے عالمی میدان پر بھی ایک بار پھر اپنے قومی پرچم کو لہرا کر دم لیں گے۔