کراچی۔9نومبر (اے پی پی):سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جاپان کو 3-5گول سے شکست دے دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے ایشین چیمپین جاپان کو 3-5گول سے شکست دیکر 11سال بعد ایونٹ میں وکٹری سٹینڈ پر جگہ بنا لی۔ ملائشیا کے شہر ایبوہ میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ پاکستان اور جاپان کے مابین کھیلا گیا۔مذکورہ میچ میں پاکستان نے جاپان کو ایک سنسنی خیز مقابلہ میں تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا۔
پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول،18ویں منٹ میں افراز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے،27ویں اور 31ویں منٹ میں رومان نے دو فیلڈگول،53ویں منٹ میں رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول اسکور کیا۔جاپان کی جانب سے 10ویں منٹ میں کینٹارو، 31ویں اور 50ویں منٹ میں یوما نے دو گول اسکور کئے۔ایونٹ میں 11سال بعد پاکستان تیسری پوزیشن حاصل کرکے برائونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا کے مدمقابل 2011میں کھیلا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم میں 9باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں نے اس ایونٹ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ مذکورہ ایونٹ میں چھ ٹیموں نے شرکت کی جن میں میزبان ٹیم ملائشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، ساوتھ افریقہ اور مصر شامل ہیں۔سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل میز بان ٹیم ملائشیا اور کوریا کے مابین کھیلا جائیگا۔