سلطان راہی کی 28ویں برسی (کل) منائی جائے گی

344
Sultan Rahi
Sultan Rahi

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):پنجابی فلموں کے نامور اداکار ،فن کے سلطان ،سلطان راہی کی 28ویں برسی کل 9جنوری بروز منگل کو منائی جائے گی ۔سلطان راہی 80کی دہائی کے عشرے میں پنجابی فلموں کے معروف ہیرو رہے ۔انہوں نے 15برس تک فلمی دنیا پر راج کیا اور سات سو سے زائد فلموں میں اداکاری کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا جن میں 5سو فلموں میں بطور ہیرو کا کردار ادا کیا،سلطان راہی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود ہے۔

انہوں نے تقریباً 703 پنجابی فلموں اور 100 اردو فلموں میں کام کیا، تقریباً 160 اعزازات جیتے۔ سلطان محمد المعروف سلطان راہی 1938کو پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1959ء میں بطور مہمان اداکار فلم باغی سے کیا۔1971 میں فلم بابل اور 1972 میں پنجابی فلم بشیرا کی کامیابی نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی فلم کی کامیابی کی ضمانت بن گئی۔ ان کی فلم ”مولا جٹ” نے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے۔

ان کی دیگر کامیاب فلموں میں سالا صاحب،چن وریام،اتھرا پتر،ملے گا ظلم کا بدلہ،وحشی جٹ،شیراخاں،شعلے،آخری جنگ، جرنیل سنگھ،شیراں دے پتر اور دیگر قابل ذکر ہیں۔سلطان راہی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 12اگست 1981کو ان کی پانچ فلمیں شیرا خاں،ظلم دا بدلہ،اتھرا پتر،چن وریام،سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہوئی تھیں۔ان کے پانچ بچے ہیں جن میں سے ایک حیدر سلطان بھی اداکار ہے۔

سلطان راہی کو 9جنوری 1996کو گوجرانوالہ کے قریب نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔انہیں لاہور میں 14 جنوری 1996ء کو شاہ شمس قادری کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔